میں دنیا میں بہتری لانے کیلئے کاروبار کی طاقت پر یقین رکھتا ہوں۔نا یہ بات صرف تھیوری میں ہے اور نا ہی مستقبل میں کسی دور دراز وقت کیلئے۔بلکہ ابھی۔اور یہ بات ان کمپنیوں اور افراد کیلئے ہو جو کاروبار کرنے کے عام طریقوں میں کچھ غیرمعمولی کام کر رہے ہوتے ہیں۔

گولڈن ٹرائی اینگل سے اچھا کام لینا
آج کے صحت اور ماحولیاتی مسائل کو سامنے رکھتے ہوئے کسی بھی کاروبار حتیٰ کہ کسی بھی صنعت کیلئے یہ ایک بڑا چیلنج ہے کہ وہ خود سے کوئی بڑی تبدیلی لا سکے۔اس کی بجائے ہم ان پارٹنرشپس پر بھروسہ کرتے ہیں جو میرے الفاظ میں ‘‘گولڈن ٹرائی اینگل’’ کو آپس میں جوڑتی ہیں یعنی کاروبار، حکومت اور سول سوسائٹی کو۔
درحقیقت زیادہ سے زیادہ کمپنیوں کو یہ بات سمجھ آ رہی ہے کہ ہمارے پاس صرف ڈالر، ین اور یورو کے علاوہ بھی عوامی بہتری کیلئے زیادہ قیمتی چیزیں موجود ہیں۔اور وہ ہیں ہمارا علم، ہماری منفرد اور مخصوص صلاحیتیں۔
کوکاکولا کمپنی کے نزدیک اس کا مطلب یہ ہے کہ مختلف معاملات خاص طور پر مارکیٹنگ اور ڈسٹری بیوشن میں اپنی تنظیمی مہارت کا فائدہ اٹھانا۔ درحقیقت کئی برسوں تک لوگ باآواز بلند اپنے اس خدشے کا اظہار کرتے رہے ہیں کہ کیا کوکا کولا دنیا کے دوردراز علاقوں میں پہنچ سکتی ہے اور کیا ہم دوسروں کو ایسا کرنے میں مدد دے سکتے ہیں؟
اس کا مختصر جواب بلاشبہ ہے ہاں۔اور مجھے یقین ہے کہ ہماری مہارت کو دوسروں سے بانٹنے اور فائدہ پہنچانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اسے گولڈن ٹرائی اینگل کی پارٹنرشپس کے ذریعے استعمال کیا جائے۔
دنیا بھر میں کمپنی کی کامیابی کی کہانیاں
کوکاکولا کمپنی میں ہم یہ یقین رکھتے ہیں کہ ہمارا کاروبار اتنا ہی طاقتور، پائیدار اور صحت مند ہو گا جتنی کہ وہ کمیونٹیز جن کی ہم بڑے فخر سے خدمت کرتے ہیں۔ایک کاروبار کے طور پر ہماری ترقی مکمل طور پر ہمارے لوگوں، صارفین، پارٹنرز اور ہماری کمیونٹیز کی فلاح و بہبود سے جڑی ہوئی ہے۔
نیٹس فار لائف کی مثال ہی لے لیں جو گولڈن ٹرائی اینگل پارٹنرشپ کا حصہ ہے اور اس کا مقصد صحارا ریگستان کے جنوبی افریقی علاقوں میں ملیریا کا خاتمہ ہے۔سن دوہزار چھ سے اب تک کوکوکولا افریقہ فاؤنڈیشن نیٹس فار لائف کے ساتھ منسلک ہے جس نے چوہتر ہزار ملیریا کنٹرول ایجنٹوں کو تربیت دی ہے، پچاسی لاکھ مچردانیاں تقسیم کی ہیں اور ایک لاکھ سے زائد بچوں کی زندگیاں بچائی ہیں۔
ہمارے دور میں صحت کا سب سے بڑا چیلنج ایڈز ہی ہے۔گلوبل فنڈ کے ساتھ موجودہ پارٹنرشپ کے علاوہ ہم سن دوہزار گیارہ میں (آر ای ڈی) کے ساتھ بھی شامل ہو گئے تاکہ ایڈز کے خلاف جنگ کیلئے فنڈز اکٹھے کرنے کے علاوہ اس حوالے سے آگاہی بھی پھیلائی جا سکے۔اپنی موسیقی کے پلیٹ فارمز اور دیگر وسائل کو استعمال کرتے ہوئے اب ہمارے پاس موقع ہے کہ ہم دوہزار پندرہ تک ماں سے بچے میں ایچ آئی وی کی منتقلی کو مکمل طور پر ختم کر دیں۔
کوکاکولا کا نظام گلوبل فنڈ، دا گیٹس فاؤنڈیشن اور یالے ہیلتھ لیڈرشپ انسٹیٹیوٹ کے ساتھ بھی کام کر رہا ہے تاکہ تنزانیہ میں جان بچانے والی ادویات تک رسائی میں اضافہ کیا جا سکے۔
اپنی سپلائی چین کی مہارت سے فائدہ اٹھا کر ہم تنزانیہ کے میڈیکل سٹور ڈیپارٹمنٹ کی مدد کر رہے ہیں تاکہ وہ ادویات کی فراہمی کی نجی حکمت عملی بنا سکے، اپنے طریقہ کار میں بہتری لائے اور پچاس سے زائد میڈیکل سٹورز کے عملے کو تربیت فراہم کر سکے۔اب تک تنزانیہ اپنے ڈسٹری بیوشن کے پوائنٹس کو پانچ سو سے بڑھا کر پانچ ہزار پر لے جا چکا ہے اور کچھ ادویات کی فراہمی کے وقت میں پچیس دن تک کی کمی ہو گئی ہے۔
میرے نزدیک یہ گولڈن ٹرائی اینگل کا انتہائی پرجوش قدم ہے۔۔۔ایسا قدم جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ کاروبار، حکومت اور این جی اوز کے درمیان مل کر تخلیقی انداز میں کام کرنے کی کتنی صلاحیت ہے جس سے پہلے فائدہ نہیں اٹھایا جا رہا تھا۔ 
درحقیقت اب ہم گھانا اور موزمبیق میں بھی تنزانیہ جیسے فوائد پہنچانے کیلئے اپنے پارٹنرز سے مل کر کام کر رہے ہیں۔
ہمارے لئے پانی بھی گولڈن ٹرائی اینگل کی توجہ کا ایک اور مرکز ہے اور ہم اپنے پارٹنرز کے ساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ دوہزار بیس تک ہم پانی کے لحاظ سے نیوٹرل ہو جائیں۔یعنی جتنا پانی ہم اپنی مشروبات کیلئے استعمال کر رہے ہیں اتنا ہی پانی قدرت کو واپس لوٹا سکیں۔
دوہزار پانچ سے اب تک ہم نے چورانوے ملکوں میں دو سو چھیاسی کمیونٹی واٹر پراجیکٹس شروع کئے ہیں۔اور اس کیلئے ہم نے حکومتوں اور اپنے پارٹنرز یعنی ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ، یو ایس ایڈ، دا نیچر کنزروینسی اور کیئر کے ساتھ کام کیا ہے۔
ہر پراجیکٹ کے ساتھ ہم لوگوں کیلئے قابل ذکر تبدیلی لا رہے ہیں۔خاص طور پر خواتین اور لڑکیوں کیلئے جنہیں دوسری صورت میں پانی لانے کیلئے گھنٹوں صرف کرنا پڑتے۔
حال ہی میں ہم نے کمیونٹی کی سطح پر پانی کو صاف کرنے والی مشینری نصب کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جسے کسی بھی ایسی جگہ نصب کیا جا سکتا ہے جہاں لوگوں کو صاف پانی کی ضرورت ہے۔اس مشینری کو ہمارے دوست ڈین کیمن نے ایجاد کیا ہے۔۔۔جوسیگ وے تیار کرنے کی وجہ سے بہت مقبول ہیں۔۔۔یہ نیا واٹر پیوریفائر بے شمار لوگوں کیلئے صحت اور معیار زندگی بہتر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ہم نے بہت سے ٹیسٹ کئے ہیں اور یہ اعلان کیا ہے کہ ہم اس ٹیکنالوجی کو سن دوہزار تیرہ میں افریقہ اور جنوبی امریکہ کے کچھ علاقوں میں متعارف کرانا شروع کر دیں گے۔
کوکاکولا کمپنی کا تبدیلی کیلئے روڈ میپ
تقریباً ایک صدی تک تعاون کی بنیاد پر آگے بڑھتے ہوئے اب ہم لوگوں کیلئے پہلے سے زیادہ تیزی کے ساتھ کچھ اچھا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔لیکن تبدیلی لانے کیلئے ہم سمجھتے ہیں کہ پانچ اہم تقاضے پورے ہونے چاہئیں تاکہ یہ تبدیلی موثر ثابت ہو۔
جو کچھ آپ جانتے ہیں اسے شیئر کریں۔ اس میں آپ کی مہارت، آپ کا علم اور یہ باتیں شامل ہیں کہ آپ دوسروں سے بہتر کیا کر سکتے ہو۔پیشہ وارانہ علم بعض اوقات رقم سے زیادہ قیمتی ثابت ہوتا ہے۔
کام جاری رکھیں۔ دیکھیں کیا چیز کام کر رہی ہے، اس کام کو چھوڑ دیں جس کا کوئی فائدہ نہیں اور وہیں سے آگے بڑھ جائیں۔پرفیکشن بہت اچھے کام کی دشمن ہوتی ہے۔
درست پارٹنرز کے ساتھ کام کریں۔ صحیح پارٹنر سے ہی سارا فرق پڑتا ہے۔
لوگوں اور پارٹنرز کو جوابدہ بنائیں۔احتساب کے بغیر بہت کم پیشرفت ہوتی ہے۔
اسے پائیدار بنائیں۔ تنزانیہ میں ہم اپنی ڈسٹری بیوشن کی مہارت کو میڈیکل سٹورز ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں جو کہ اپنے نئے نظام کو جتنا چاہیں پھیلا سکتے ہیں اور استعمال کر سکتے ہیں۔
کوکاکولا میں ہم گولڈن ٹرائی اینگل پارٹنرشپس کے حوالے سے پرعزم ہیں اور ہم ہر روز دیکھ رہے ہیں کہ کیسے اس سے لوگوں کی زندگیاں بہتر ہو رہی ہیں اور اس کے نتیجے میں دنیا بہتر طور پر بدل رہی ہے۔
آج میں آپ لوگوں کی حوصلہ افزائی کروں گا کہ آپ خواہ کاروبار میں ہوں، حکومت میں یا غیرمنافع بخش دنیا میں یا پھر صرف ایک فکرمند پرائییویٹ شہری۔۔۔آپ سوچیں کہ کیسے آپ دوسروں سے مل کر مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں۔اور پھر پہلا قدم اٹھائیں۔آپ کو کبھی اندازہ نہیں ہو سکتا کہ آپ کتنی زندگیوں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔